تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے حکومت مذاکرات کرے نہ کرے، ہم بھی کوئی مرے نہیں جا رہے۔
پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک کے مختلف مراحل ہیں، ہم ایک بار پھر احتجاج کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوست نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مولانا فضل الرحٰمن سے ملاقات کا مشورہ دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوئی گناہ نہیں کیا تو معافی کس بات کی مانگیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات کرے یا نہ کرے، ہم بھی مذاکرات کے لئے مرے نہیں جا رہے، ہم دوبارہ احتجاج کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کی مرضی پر منحصر ہے، وہ چاہتی ہے تو مذاکرات کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی باضابطہ دعوت دی جا چکی ہے۔