کراچی: شہر قائد میں ایک اور قیمتی جان پانی کے ٹینکر کی لاپرواہی کی نذر ہو گئی جب ایک موٹر سائیکل سوار خاتون کورنگی کراسنگ کے قریب ٹینکر تلے آ کر جاں بحق ہو گئی، مرد زخمی ہوگیا۔
حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے غصے میں آ کر پانی کے ٹینکر کو آگ لگا دی تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ریسکیو 1122 حکام نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھی کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک تیز رفتار پانی کے ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل کر ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی کر دیا تھا۔ ریسکیو حکام کے مطابق اس واقعے میں بھی ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا تھا۔
مزید برآں بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں ایک ضعیف العمر شہری کو بھی پانی کے ٹینکر نے ٹکر مار کر ہلاک کر دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق بزرگ شہری نماز پڑھ کر واپس جا رہے تھے کہ اچانک ٹینکر کی زد میں آ گئے۔
اسی دوران نارتھ کراچی میں ایک اور حادثے میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت عامر جبکہ زخمی کی شناخت زمان کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تاہم گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
ریسکیو سروس کے مطابق 2025 کے ابتدائی 45 دنوں میں کراچی میں ٹریفک حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، جن میں 107 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان میں 78 مرد، 14 خواتین، 11 بچے اور 4 بچیاں شامل ہیں۔