کراچی کے علاقے کلفٹن میں پانی کی لائن پھٹنے سے انڈر پاس زیرِ آب آگیا جس سے ٹریفک معطل ہو گئی۔ واٹر لائن کی مرمت کا عمل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کلفٹن میں سابقہ پنجاب چورنگی کے ساتھ واقع انڈر پاس کے اندر پانی کی لائن پھٹ گئی۔ انڈر پاس زیرِ آب آنے سے ٹریفک کا سلسلہ معطل ہوگیا جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی نفری طلب کر لی گئی۔
اتوار کے روز تعطیل کے باعث انڈر پاس پر ٹریفک کا دباؤ صبح اوقات میں کم رہا تاہم انڈر پاس میں داخل ہونے والی ٹریفک کو پانی دیکھنے کے باعث واپس پلٹتے ہوئے حادثے کے خدشات پیدا ہو گئے۔
پولیس اور رینجرز نے صورتحال دیکھتے ہوئے انڈر پاس کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق انڈر پاس سے ہیوی ٹریفک گزرتی ہے۔ پانی کی لائن کسی ٹریلر پر رکھے ہوئے سامان کے ٹکرانے سے پھٹی۔
واٹر بورڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واٹر لائن پھٹنے کا سبب قبل از وقت نہیں بتایا جاسکتا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کا حکم دیا۔ واٹر بورڈ انجینئرز اور عملہ واٹر لائن کی مرمت میں مصروف ہے۔ لائن کی مرمت کے بعد انڈر پاس کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں رواں سال کی پہلی بینک ڈکیتی کا معمہ حل، 3 ملزمان گرفتار