اسلام آباد: شمالی علاقوں میں گرمی کی شدید لہر اور مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشوں پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ دریائے چناب، سندھ اور جہلم میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج دریاؤں میں پانی کا مجموعی بہاؤ 5 لاکھ 6 ہزار کیوسک ہے، صورتحال یہی رہی تو دریاؤں میں پانی کا بہاؤ 7 لاکھ کیوسک تک جاسکتا ہے۔
دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کا گزشتہ دس سال کا ریکارڈ ٹوٹنے سے دریائے سندھ، جہلم اور چناب میں سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا، گزشتہ دس سال میں ان دنوں دریاؤں میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 28 ہزار کیوسک تک رہا۔
دریائے جہلم میں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 22 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے، دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ دو لاکھ 80 ہزار کیوسک ہو چکا ہے، مون سون کی بارشیں غیر متوازن ہوسکتی ہیں جس کے باعث دریائی سیلاب کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
بارشوں کی کیفیت کہیں زیادہ کہیں کم ہونے کا امکان ہے، فی الاحال منگلا اور تربیلا میں پانی ذخیرہ کرنے کی کافی صلاحیت موجود ہے۔
ذرائع آبی وسائل کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دریاؤں کے نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے،بعض مقامات پر کلاوڈ برسڈ کا خدشہ موجود ہے۔
مزید پڑھیں:آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ کل ہونے کا امکان
سیلابی کیفیت سے نمٹنے کیلئے فیڈرل فلڈ کمیشن میں مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا ہے،سیلابی خدشے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔