میلبرن: سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم اور معروف کمنٹیٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ فخر زمان کو سوچ سمجھ کر بیان دینا چاہئے جبکہ بابر اعظم کو کپتانی بھول کر رنز کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق میلبرن میں پریس کانفرنس کے دوران کمنٹیٹر وسیم اکرم نے کہا کہ بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی کیلئے اچھے اشارے دئیے، پی سی بی کی جانب سے بھی بھارتی بورڈ کو کئی پیشکشیں کی گئیں، بھارتی ٹیم کو پاکستان آنا ہوگا۔ ان کے بہت سے فین پاکستان میں ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران وسیم اکرم نے کہا کہ ویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار جیسے کھلاڑیوں کے فین شدت سے بھارتی کھلاڑیوں کا انتظار کر رہے ہیں، میری رائے میں پاکستان اور بھارت کے لوگوں کا رابطہ ہونا چاہئے۔ یقین ہے کہ سوشل میڈیا بیان فخر زمان نے نہیں دیا۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ فخر زمان امپیکٹ پلیئر سمجھے جاتے ہیں، جس نے بھی ان کا سوشل میڈیا کا بیان لکھا ہے، وہ بتاتا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے باعث مسئلہ ہوسکتا ہے، پی سی بی کا فیصلہ فخر زمان کیلئے سبق ہوگا، سوشل میڈیا بیان پر پی سی بی کا اپ سیٹ ہونا بنتا تھا۔
وسیم اکرم نے کہا کہ محسن نقوی کرکٹ کیلئے اچھا کام کررہے ہیں، مجھے جاب کی آفر ہوئی لیکن میں 9 سے 5 تک ملازمت کرنے والا نہیں ہوں۔ محمد رضوان کپتانی کا تجربہ رکھتے ہیں اور یہ بہت اچھا انتخاب ہے۔ بابر اعظم کو کپتانی بھول جانی چاہئے، وہ کرکٹ کھیلیں اور پاکستان کیلئے رنز بنائیں۔