لاہور: کرکٹ اور اسپن باؤلنگ کی دنیا میں گگلی ماسٹر کہلانے والے عبدالقادر کی وفات کو آج 1 سال مکمل ہوگیا جس پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عبدالقادر کا انتقال گزشتہ برس 6 ستمبر کی شب حرکتِ قلب بند ہونے سے ہوا۔ لیگ اسپن کو عبدالقادر نے ایک اعلیٰ مقام پر پہنچایا۔ اسپن باؤلنگ کا ذکر عبدالقادر کے ذکر کے بغیر نامکمل رہے گا۔
جادوگر لیگ اسپنر کے نام سے مشہور عبدالقادر نے کرکٹ کے ہر عمر کے شائقین کو اپنے سحر میں مبتلا کیا۔ لاہور میں عبدالقادر کی رہائش گاہ پر عوام الناس مختلف مسائل پر گفت و شنید کیلئے آتے رہتے تھے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سابق لیگ اسپنر عبدالقادر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز عبدالقادر کے ساتھ کیا جبکہ وہ میرے سینئر رہے۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ میرا کرکٹ کیرئیر برسوں پر محیط ہے جس کے دوران میں نے فاسٹ اور اسپن باؤلنگ کا سامنا کیا اور بے شمار اسپنرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا لیکن عبدالقادر جیسا اسپنر دیکھنے کا موقع دوبارہ نہیں ملا۔
وسیم اکرم نے کہا کہ جب کبھی عبدالقادر گگلی یا لیگ اسپن باؤلنگ کرتے تھے تو ان کی گیند سے ایک مخصوص آواز آتی تھی جبکہ کمال کی شخصیت رکھنے والے عبدالقادر کو کرکٹ کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وسیم اکرم کا مداح کو کام سے کام رکھنے کا مشورہ