سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی نے سابق کپتان وسیم اکرم کو پاک بھارت کشیدگی کے دوران دیر سے اظہار یکجہتی کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم نے لکھا کہ ہم سب اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں جنہوں نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے مزید لکھا، “جیسا کہ وہ کہتے ہیں، ‘جنگ تب ہوتی ہے جب بات چیت ناکام ہو جاتی ہے،’ لہٰذا سرحد پار نوجوانوں کی بہتری کے لیے بات چیت اور تنازعات کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ امن وہی ہے جو ہم سب چاہتے ہیں! پاکستان زندہ باد۔”
وسیم اکرم کا یہ ٹوئٹ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان باضابطہ طور پر جنگ بندی کا اعلان ہو چکا تھا جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سابق کرکٹر باسط علی نے وسیم اکرم پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘انتہائی حساس لمحات میں خاموش رہنا اور پھر حالات معمول پر آنے پر بیان جاری کرنا، یہ کیسی بہادری ہے؟ کرکٹرز کو قوم کے مشکل وقت میں آواز اٹھانی چاہیے، بعد میں نہیں’۔
وسیم اکرم کو تاخیر کے بعد پاک فوج کی حمایت میں ٹوئٹ کرنے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تنقید کا بھی سامنا ہے۔