واشنگٹن: امریکی دارالحکومت کا ریڈ زون نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریبِ حلف برداری سے قبل فوجی چھاؤنی کا منظر پیش کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کل نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن صدارت کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جس کیلئے واشنگٹن ڈی سی کی سڑکیں سنسان کر دی گئیں، رکاوٹیں اور خاردار تاریں کھڑی کرکے ممکنہ مسلح احتجاج سے بچنے کی راہ ہموار کر لی گئی۔
بڑی تعداد میں نیشنل گارڈز کو نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن اور تقریبِ حلف برداری کے مہمانوں کی حفاظت کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ تقریبِ حلف برداری کے موقعے پر سبکدوش ہونے والے صدر ٹرمپ کے حامی مسلح حملے کرسکتے ہیں۔
امریکا کی بعض ریاستوں میں گزشتہ روز بھی صدر ٹرمپ کے حامیوں نے سڑکوں پر نکل کر طاقت کا مظاہرہ کیا تاہم سیکیورٹی اہلکار مظاہرین سے تعداد میں کہیں زیادہ نظر آئے۔ امریکی اسٹیبلشمنٹ نو منتخب صدر جو بائیڈن کی حفاظت کیلئے سنجیدہ ہے۔
سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال کے تناظر میں امریکا کی کئی ریاستوں میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے نیشنل گارڈز بڑی تعداد میں تعینات ہیں۔ قائم مقام وزیرِ دفاع کرسٹوفر ملر کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے اندرونی حملے کے بارے میں کوئی خفیہ اطلاع نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل امریکا کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے علی زیدی کے بعد ایک اور پاکستانی نژاد امریکی شہری سلمان احمد کو خارجہ پالیسی سے متعلق امریکی کابینہ کی بنائی ہوئی ٹیم کا حصہ بنا لیا۔
جو بائیڈن انتظامیہ کا 2 روز قبل کہنا تھا کہ سلمان احمد اوباما نیشنل سیکیورٹی کونسل میں اسٹرٹیجک پلاننگ کے سربراہ کے طور پر پہلے بھی امریکی حکومت کا حصہ رہ چکے ہیں۔