مقبول جوڑی ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے حوالے سے گزشتہ کچھ عرصے سے طلاق کی افواہیں زیر گردش ہیں۔
یہ افواہیں ایک بار پھر سرخیوں میں آگئیں جب سابق کرکٹر شعیب ملک نے اپنے انسٹاگرام بائیو کو تبدیل کیا۔
حال ہی میں سابق وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پروگرام ہنسنا منع ہے میں شرکت کی جس میں انہوں نے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے حوالے سے گفتگو کی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انہوں نے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ولیمہ میں شرکت کی تھی اور اسی وقت انھیں اندازہ ہوگیا تھا کہ یہ تعلق زیادہ عرصے نہیں چلے گا۔
سابق وزیراطلاعات نے کہا کہ اگرچہ اس جوڑی نے اپنے رشتے کو قائم رکھنے کی بھرپورکوشش کی جس کیلئے انہوں نے دبئی میں اپنا گھر بنایا لیکن اس کے باوجود بھی وہ اس شادی کو برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس کے اختتام سے سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی طلاق کے حوالے سے خبریں گردش کررہی ہیں۔ تاہم ان دونوں میں سے کسی نے بھی ان خبروں کی تردید یا تصدیق تاحال نہیں کی ہے۔
یاد رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی شادی 2010 میں ہوئی تھی، شادی کے 8 برس بعد 2018 میں ان کے یہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام انہوں نے اذہان مرزا ملک رکھا۔