امریکہ کے ایران پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی جغرافیائی کشیدگی کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پیر کو نمایاں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔
خطے کی سنگین صورتحال نے سرمایہ کاروں میں بے چینی پیدا کردی جس کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا جہاں 100 انڈیکس میں 3 ہزار 855 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری سیشن کے دوران مسلسل مندی کا رجحان غالب رہا، اور دن کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس میں 3855 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جو 3.21 فیصد کی منفی تبدیلی کے ساتھ 116,167 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس سے پچھلے سیشن کا اختتامی پوائنٹ 120,023 تھا۔
مارکیٹ کا کم ترین لیول 115,887.48 پوائنٹس رہا جبکہ بلند ترین سطح 118,798 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری دن میں 193,406,173 شیئرز کا لین دین ہوا، جو پچھلے تجارتی روز کے 421,643,224 شیئرز سے واضح طور پر کم تھا۔ شیئرز کی مجموعی مالیت 15.517 ارب روپے رہی، جو کہ گزشتہ روز کے 15.651 ارب روپے سے کچھ کم ہے۔
مجموعی طور پر 467 کمپنیوں کے شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی، جن میں سے صرف 56 کمپنیوں نے منافع کمایا، جبکہ 385 کمپنیوں کو نقصان برداشت کرنا پڑا۔ 26 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
مارکیٹ میں ہر شعبے میں فروخت کے دباؤ کا رجحان دیکھا گیا، خاص طور پر آٹوموبائل، تیل و گیس کی تلاش، تیل کی مارکیٹنگ کمپنیاں (OMCs)، بجلی کی پیداوار اور کمرشل بینکوں کے شعبوں میں شدید مندی رہی۔ انڈیکس کو متاثر کرنے والے بڑے اسٹاکس جیسے کہ OGDC، PPL، POL، HUBCO اور PSO کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔