آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ایک مرتبہ پھر نوگورنو قرہ باخ کے متنازع خطے پر مسلح تنازع شروع ہو گیا ہے اور فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر دو سال قبل طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آذربائیجان کا کہنا ہے کہ آرمینیا نے روسی امن فوجیوں کے زیرِ اتنظام علاقے میں ایک پہاڑی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔ آذری حکام کے مطابق اس حملے میں ان کا ایک فوجی ہلاک ہوا ہے۔ اُنھوں نے اسے جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
آذری وزارتِ دفاع کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’نتیجتاً غیر قانونی آرمینیائی مسلح دستوں کے لیے لڑنے والے ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔‘
اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام آرمینیائی فوجی فوراً اس علاقے سے نکل جائیں ورنہ ضرورت پڑنے پر انھیں ’کچل‘ دیا جائے گا۔
جواباً آرمینیا نے آذربائیجان پر امن فوج کے زیرِ انتظام علاقے میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔