پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں منگل کے روز سرمایہ کاروں نے شدید اتار چڑھاؤ کا سامنا کیا، جہاں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 562.66 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ انڈیکس 0.41 فیصد کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 35 ہزار 939 پر بند ہوا۔
ٹریڈنگ کا آغاز مثبت رجحان سے ہوا اور دن کے ابتدائی گھنٹوں میں انڈیکس نے ایک نیا انٹرا ڈے ہائی بناتے ہوئے 137,747.60 پوائنٹس تک رسائی حاصل کی تاہم دن کے اختتامی مراحل میں منافع لینے کا رجحان غالب رہا جس کے باعث انڈیکس نیچے آ گیا اور 135,826 پوائنٹس کی سطح پر آکر بند ہوا۔
یہ مندی اس وقت سامنے آئی جب صرف ایک روز قبل یعنی پیر کو PSX میں 2,203 پوائنٹس (1.64 فیصد) کا تاریخی اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد انڈیکس 136,502.54 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ یہ اضافہ ادارہ جاتی سرمایہ کاری، مضبوط معاشی توقعات اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا نتیجہ تھا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا موجودہ رجحان توقع کے مطابق ہے، کیونکہ سرمایہ کار گزشتہ روز کے بڑے اضافے کے بعد منافع سمیٹنے کے خواہاں تھے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کی بنیادی بنیادیں مستحکم ہیں، اور درمیانی مدت میں مثبت رجحانات کی امید ہے۔