سعودی حکام کے مطابق جی سی سی (خلیج تعاون کونسل) کے تمام شہری بغیر کسی ویزا یا اجازت کے ہوائی، زمینی یا بحری راستے سے کسی بھی وقت سعودی عرب میں داخل ہو کر عمرہ ادا کر سکتے ہیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، جی سی سی ممالک کے شہریوں کو 365 دن، دن کے 24 گھنٹے عمرہ کے لیے مملکت میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ داخلے کے وقت صرف قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ درکار ہوگا، کسی پیشگی ویزا کی شرط نہیں۔
وزارت نے مزید وضاحت کی کہ عمرہ کی مخصوص اجازت ’نُسک‘ ایپ کے ذریعے فوری حاصل کی جا سکتی ہے۔ اگر کوئی جی سی سی شہری سعودی عرب کا مسافر ہے تو وہ ٹرانزٹ ویزا یا ٹورسٹ ویزا کے ذریعے بھی عمرہ کی نیت سے داخل ہو سکتا ہے۔
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) میں شامل ممالک، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور عمان کے شہری اب بلا تعطل اور سہولت کے ساتھ عمرہ کے لیے کسی بھی وقت سفر کر سکتے ہیں۔
بعض بین الاقوامی ایئرلائنز کی بکنگ کے ساتھ ہی ٹرانزٹ ویزا خودبخود جاری ہو جاتا ہے، جو مسافروں کے لیے سہولت کا باعث بن رہا ہے۔
ان افراد کے لیے جو پیشگی ویزا حاصل کرنا چاہتے ہیں، “ٹورسٹ-عمرہ ویزا” کی سہولت بھی موجود ہے، جو سعودی وزارت خارجہ کے پورٹل ksavisa.sa سے آن لائن حاصل کیا جا سکتا ہے۔
یہ سہولت گزشتہ چھ ماہ سے جزوی طور پر موجود تھی تاہم اب حج 2025 کے مکمل ہونے کے بعد عمرہ ویزوں کا اجراء مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔
صرف حج کے ایّام (ذوالحجہ کے ابتدائی دنوں) میں عمرہ ویزوں کو محدود کیا جاتا ہے، جو حج کے بعد فوری طور پر دوبارہ فعال کر دیے گئے ہیں۔