پیرس:فرانس میں پولیس کے ہاتھوں نوجوان کی ہلاکت کے بعد پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں مشتعل افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراؤ کیا گیا۔ زیر زمین پارکنگ میں آگ بجھاتے ہوئے 24 سال کا فائر فائٹر ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مظاہروں میں شریک مزید 157 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پیرس میں فرانسیسی پولیس نے ایک کار سوار نوجوان کو سینے میں گولی مار دی تھی جس سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی تھی۔
مزید پڑھیں:فرانس میں فسادات کا سبب نسل پرستی اور اسلاموفوبیا ہے، طیب ایردوان
بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے مرنے والے 17 سالہ فرانسیسی الجزائری نوجوان کی شناخت ناحیل کے نام سے ہوئی، واقعے کے بعد فرانس بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔