کراچی: ضلعی انتظامیہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف حرکت میں آ گئی ہے۔
کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلع جنوبی میں ایم اے جناح روڈ پر قائم معروف شاپنگ مال سمیت آرام باغ اور صدر کی سینکڑوں دکانیں سیل کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ایم اے جناح روڈ پر شاپنگ مال (گل پلازہ) کو سیل کردیا گیا ہے۔صدر میں موبائل کی 100دکانیں، 2 سیلون اور 3 گارمنٹس دکانیں سیل کردی گئیں ہیں۔
اس کے علاوہ آرام باغ کے قریب ڈھائی سو سے زائد دکانوں کو سیل کیا گیا ہے۔لیاری میں دو ٹرانسپورٹ آفس اور کئی دکانیں سیل کردی گئیں جبکہ 32 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے صدر اور اطراف کی مارکیٹس میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس کا مشترکہ گشت بھی جاری ہے۔مارکیٹوں میں سندھ پولیس کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی پابندی کے اعلانات بھی کیے جارہے ہیں۔
شام 6 بجے کے بعد کاروبار کھولنے والوں سے سختی سے نمٹا جا رہا ہے، ادھر رات 12 بجے کے بعد غیر ضروری گھر سے باہر گھومنے یا نکلنے پر بھی پابندی عائد ہے۔