چین کے شہر “کینگوان” میں چند روز قبل آنے والے زلزلے کے دوران ایک چینی بچے کی دل چسپ حرکت کی وڈیو وائرل ہو گئی۔ یہ حرکت اس وقت سامنے آئی جب یہ بچہ اپنے خاندان کے ساتھ گھر میں دوپہر کا کھانا کھا رہا تھا۔
العربیہ کے مطابق ریکٹر اسکیل پر 4.3 شدت کا زلزلہ اس وقت آیا جب پورا خاندان کھانے کی میز پر موجود تھا۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی والد نے گھبرا کر اپنے چھوٹے بیٹے کا ہاتھ پکڑا اور جلدی سے باہر نکلنے کی طرف دوڑا، ساتھ ہی وہ اپنے بڑے بیٹے اور بیوی کو بھی آواز دے رہا تھا۔
وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑا بیٹا کچھ دیر تذبذب کا شکار رہا کہ کھانا مکمل کرے یا فرار ہو، چنانچہ اس نے میز پر موجود جتنا کھانا کھا سکتا تھا، جلدی سے کھایا اور پھر والد کے پیچھے دوڑا۔ لیکن حیرت انگیز طور پر وہ جاتے ہوئے دونوں ہاتھوں میں دو پلیٹیں بھی اٹھا کر لے گیا۔ اس پر والد نے غصے سے اسے ڈانٹا اور پلیٹیں واپس رکھنے کو کہا۔
مزید حیران کن بات یہ تھی کہ ماں نے زلزلے کے باوجود پورے اطمینان اور سکون کے ساتھ گھر کی ترتیب مکمل کی، پھر بعد میں خاندان کے دیگر افراد کے پیچھے گئی۔