کراچی میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کی، پولیس مقابلے میں ایک اہلکار کو شہید کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔ مقابلے کے دوران ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ پولیس مقابلہ سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے ندی کنارہ محمدی گوٹھ میں ہوا جس کی سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی۔
رپورٹ کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان پولیس پر فائرنگ کرتے ہیں، پولیس اہلکار نے ملزمان پر جوابی فائرنگ کی۔ بعد ازاں ایک اہلکار کو فائرنگ کرتے ہوئے ملزمان کے پیچھے بھاگتے بھی دیکھا گیا۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار زمین پر گر جاتا ہے جس کے بعد ہوٹل میں موجود افراد گرنے والے اہلکار کی مدد کیلئے بھاگ کر پہنچتے ہیں۔ سی سی ٹی وی ویڈیو میں فائرنگ کے دوران بھگدڑ مچنے اور عوام میں تشویش بھی دیکھی جاسکتی ہے۔
(ویڈیو بشکریہ ایکسپریس نیوز)
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوجاتے ہیں۔ خیال رہے کہ سائٹ سپر ہائی وے پر پیش آنے والے پولیس مقابلے کے اس واقعے میں ایک پولیس اہلکار چمن عباس شہید جبکہ دوسرا اہلکار عادل پتافی زخمی ہوگیا تھا۔