یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا وزیراعظم پیکیج کیلئے 85ارب کا مطالبہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن
(فوٹو: دی نیشن)

اسلام آباد یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن  نے وفاقی بجٹ میں وزیراعظم پیکیج کیلئے 85 ارب کا مطالبہ کیا ہے جس پر متعلقہ حکام نے سر جوڑ لیے ہیں۔

نجی ٹی وی (ڈان نیوز) کی رپورٹ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے نئے مالی سال کے لیے ملکی تاریخ کاسب سے بڑا وزیراعظم پیکج تجویزکر دیا، وزیر اعظم پیکیج کیلئے شہباز شریف حکومت کے سامنے بجٹ میں85 ارب روپے کا مطالبہ رکھا گیا ہے۔

مذکورہ رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ان 85 ارب میں سے آئندہ سال کے وزیر اعظم رمضان پیکیج کے لیے 12 ارب روپےتجویز کیے گئے ہیں، باقی 73 ارب روپے آئندہ مالی سال کے 11 ماہ کیلئے مانگ لیے گئے جس کی ماہانہ اوسط کا تخمینہ 6ارب 64کروڑ لگایا گیا ہے۔

رپورٹ میں  حکومتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز نےجتنے فنڈز مانگے ہیں اتنے منظور ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔ وزارتِ خزانہ وزیر اعظم ریلیف پیکیج کیلئے فنڈز سے متعلق تجاویز کو  حتمی شکل دینے کی ذمہ دار ہے۔

حکومتی ذرائع کے حوالے سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ نئے مالی سال میں وزیراعظم پیکیج کے تحت 5 بنیادی اشیا پر سبسڈی جاری رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، بی آئی ایس پی صارفین کے لیے چینی، آٹا، گھی، دالوں اور چاول پر سبسڈی دینے پر غور کیا جارہا ہے۔

 یوٹیلیٹی اسٹورز پرموجودہ وزیر اعظم ریلیف پیکیج 30 جون 2024 کو ختم ہوجانے کا خدشہ ہے،  اس وقت یوٹیلیٹی اسٹورز پر بی آئی ایس پی صارفین کے لیے چینی کی قیمت 109 روپے فی کلو مقرر ہے۔آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 648 روپے میں دستیاب ہے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے صارفین کیلئے گھی کی فی کلو قیمت 393 روپے مقرر ہے، اسی طرح صارفین کو دالوں اور چاول پر فی کلو 25 روپے سبسڈی دی جا رہی ہے، جس پر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے وزیراعظم پیکیج کے تحت سبسڈی دینے کیلئے درکار رقم کا مطالبہ کیا۔

Related Posts