راولپنڈی:زندگی بچانے والی لائیو لائف سیونگ ڈرگ ڈیکسا متیھا سون انجیکشن اور گولیوں کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ میڈیکل اسٹور سے غائب کر دی گئی ہیں،جبکہ یہ افواہیں ہیں، اس میں کوئی حقیقت نہیں،میڈیسن ڈیکسا میتھاسون ہرا سٹور پر دستیاب ہے اور اس کی قیمت بھی نارمل ہے اس کی قیمت بھی نہیں بڑھائی گئی۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی واٹسن میڈیکل اسٹورز کے مالک زاہد بختاوری نے بتایا ہے کہ ڈیکسا میتھاسون انجکشن اور گولیاں ہمارے پاس وافر مقدار میں موجود ہیں،ہمارے پاس جو بھی کسٹمر ڈاکٹر کا لکھا ہوا نسخہ لیکر آتا ہے،جس پر ڈاکٹر کی مہر اور دستخط ہوتے ہیں ہم اس کو فوری طور پر ڈیکسا میتھاسون میڈیسن دے دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی عام شہری آکر بغیر نسخے کے یہ میڈیسن مانگتا ہے تو ہم اسے نہیں دیتے کیونکہ یہ زندگی بچانے والی میڈیسن ہے ڈاکٹری نسخے کے بغیر اس کا استعمال خطرناک ہو سکتا ہے،یہ نمونیا،دمہ اور دیگر امراض کے مریضوں کو دی جاتی ہے۔
ڈیکسا میتھاسون انجکشن اور گولیاں کورونا وائرس وبا کے مریض کو بھی آخری اسٹیج پر ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق لگائی جاتی ہے جب مریض وینٹی لیٹر پر ہوتا ہے اس وقت اس میڈیسن کی ضرورت ہوتی ہے،یہ میڈیسن پہلے سے پاکستان میں دستیاب ہے اور اس کی کوئی کمی نہیں۔
ہماری عوام جب یہ سنتی ہے کہ یہ کورونا وائرس کی دوا ہے،اس کو خرید کر گھروں میں ذخیرہ کر لیتے ہیں جب کہ جن افراد کو اس میڈیسن کی ضرورت ہوتی ہے ان کو پھر وہ مارکیٹ میں نہیں ملتی،اس لیے اب ایس او پیز کے تحت ہی ڈیکسا میتھاسون فروخت کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام اسٹورز پر ہر وقت یہ میڈیسن دستیاب ہے،بنیادی طور پر یہ سٹیرائڈ ہے اور اس کا استعمال کبھی بھی خود سے نہیں کرنا چاہیے اور ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق استعمال کرنی چاہیے تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔