اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو پیداواری صلاحیت میں اضافے کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں غیر معمولی ترقی ہوئی ہے۔
پیٹرولیم قیمتوں میں 5 سے 10 روپے تک کمی کا امکان
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ترقی سے کاروباری افراد اور صنعتکاروں کیلئے صحت، تعلیم، کاروبار اور صنعت جیسے مختلف شعبہ جات میں نت نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
گفتگو کے دوران صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی کمپنیوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے مستفید ہونے کیلئے عالمی نقطۂ نظر اپنانا چاہئے۔ تعلیمی اور صنعت کے شعبہ جات کے اسٹیک ہولڈرز کو باہم مربوط ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز کے مابین مضبوط اور باہمی فائدہ مند شراکت داری اہم اقتصادی اور تکنیکی سنگِ میل حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور قربانی پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کی قدر کرتی ہے اور وہ اْن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 20 مئی کو ٹانک جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے نائیک محمد عتیق اور رجب علی کے ورثا سے فون پر رابطہ کیا ، شہدا کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔