اسلام آباد: ایک ماہ میں 10000 سے زائد درخواستوں پر کارروائی کے ساتھ اسلام آباد اور کراچی میں امریکی ویزہ دفاتر پاکستانیوں کو جاری کیے گئے امریکی ویزوں کے تمام سابقہ ریکارڈز کو پیچھے چھوڑنے کے راستے پر ہیں۔
امریکی سفارت خانے کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ ان دفاتر کی طرف سے جاری کیے گئے ویزوں کی تعداد 2023 میں ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئ۔
انہوں نے پیش گوئی کی کہ اکتوبر 2024 میں ختم ہونے والے موجودہ امریکی مالی سال میں یہ تعداد بڑھے گی۔
امریکی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 میں ختم ہونے والے مالی سال میں پاکستانیوں کو 107183 نان امیگرنٹ ویزے جاری کیے گئے جو کہ پچھلے مالی سال میں 72082 تھے۔
اہلکار نے بتایا کہ درخواست دہندگان کی زیادہ تعداد نے گزشتہ سال جاری کیے گئے ویزوں کی ریکارڈ تعداد میں اضافہ کیااور یہ رجحان 2024 میں بھی جاری رہنے کی امید ہے۔
دریں اثنا پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے ویزا اپوائنٹمنٹ کے انتظار کے اوقات میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔ فوری طور پر مؤثر، انتظار کا وقت 440 دن سے کم کر کے 230 دن کر دیا گیا ہے۔
سفارت خانے کے ایک ترجمان نے انکشاف کیا کہ یہ کمی ویزا کی درخواست کے عمل کو ہموار کرنے کے وسیع تر اقدام کا حصہ ہے، خاص طور پر طالب علم، کاروباری اور فیملی ری یونین ویزا کے لیے یہ سہولت دی گئی ہے۔
ترجمان نے انتظار کے اوقات کو کم کرنے کے لیے سفارت خانے کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے تندہی سے کام کر رہے ہیں اور زیادہ سے زیادہ درخواستوں پر کارروائی کر رہے ہیں۔