واشنگٹن: روس کے خلاف جاری جنگ میں امریکا نے یوکرین کو کلسٹر ہتھیار دینے کا اعلان کرکے عالمی سطح پر تشویش کو جنم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے صدر جو بائیڈن کو حکمراں سیاسی جماعت ڈیموکریٹس سمیت دیگر سیاسی رہنما کلسٹر ہتھیار دینے کے معاملے پر شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ کلسٹر بم خواتین، بچوں اور عام شہریوں کیلئے خطرناک ہوتے ہیں۔
قرآن پاک نذرِ آتش کرنے پر کونسے ممالک احتجاج کررہے ہیں؟
صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ یوکرین کو کلسٹر بم دینا ایک مشکل فیصلہ ہے جس پر اتحادیوں سے بات ہوئی تھی، یوکرین کے پاس اسلحہ ختم ہونے والا ہے۔ امریکی نائب وزیرِ دفاع کا کہنا ہے کہ اگر روس جنگ جیت گیا تو یوکرین کے شہریوں کو زیادہ خطرہ ہوگا۔
نائب وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ بموں کے غیر ذمہ دارانہ استعمال کو روکنے کیلئے یوکرین سے رابطہ ہے۔ امریکی صدر اپنے تمام کیمیائی ہتھیار تباہ کرنے کا بھی اعلان کرچکے ہیں۔ جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے دنیا ہتھیاروں کی ہولناکی سے پاک ہوگی۔
کلسٹر بم کیا ہوتے ہیں؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ کلسٹر بم یا کلسٹر ہتھیار ایک قسم کے دھماکہ خیز ہتیھار ہوتے ہیں جو ایک وسیع علاقے میں متعدد چھوٹے ہتھیاروں یا بموں کو چھوڑ دیتے ہیں جنہیں کچھ اس طریقے سے بنایا جاتا ہے کہ وہ منتشر ہوتے اور پھٹتے رہتے ہیں جس سے تباہی کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔
اس ضمن میں ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں انسانوں، گاڑیوں اور انفرا سٹرکچر کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچتا ہے۔ کلسٹر ہتھیاروں کی نوعیت اندھا دھند قسم کی ہوتی ہے جو راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کردیتے ہیں۔
خواتین، بچوں اور عام شہریوں کیلئے کلسٹر ہتھیار خطرناک اس لیے سمجھے جاتے ہیں کہ اکثر ایسے ہتھیار بر وقت پھٹتے نہیں اور ایسے علاقوں میں بظاہر بے ضرر ہو کر پڑے رہتے ہیں جن کا عام شہریوں کو شدید خطرہ ہوتا ہے جو لاعلمی کی بنیاد پر انہیں فعال کرسکتے ہیں۔
اچانک فعال ہونے کی صورت میں یہ ہتھیار یا دھماکہ خیز مواد پھٹ جاتا ہے جس سے مزید ہلاکتیں ہوتی ہیں اور زیادہ تر ایسے حادثات بچوں اور خواتین کو نشانہ بناتے ہیں کیونکہ بچوں اور خواتین کو ہی ایسے ہتھیاروں کی خطرناکی کے متعلق زیادہ علم نہیں ہوتا۔