موسمیاتی تبدیلی نے سپر پاور کو جکڑ لیا، امریکا میں شدید گرمی شروع ہوگئی ہے۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا کے جنوب مغربی علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ آئندہ چند روز میں درجہ حرارت 48اعشاریہ 8 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
امریکی میڈیا وائس آف امریکا کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس اور ایریزونا کے شہر فینکس میں درجہ حرارت 43اعشاریہ 3 ڈگری سے زائد ہوسکتا ہے۔
قومی موسمیاتی سروس کا کہنا ہے کہ بدھ تک جنوب مشرقی کیلی فورنیا سے وسطی ایریزونا تک کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہوں گے اور پورے خطے میں ہر روز کا درجہ حرارت ریکارڈ حد تک بلند ہوسکتا ہے۔
ہفتے کے اختتام تک گرمی کی پہلی لہر بحرالکاہل کے شمال مغربی علاقوں تک پھیل سکتی ہے۔ قومی موسمیاتی سروس کا کہنا ہے کہ کچھ مقامات پر درجہ حرارت معمول سے 10 سے 20 ڈگری تک زیادہ ہوسکتا ہے۔
پیر کے روز کیلیفورنیا کے صحرائی علاقے ڈیتھ ویلی نیشنل پارک میں درجہ حرارت 43 ڈگری سے زائد رہا جبکہ جمعرات کو یہ درجہ حرارت 48اعشاریہ 8 ڈگری تک جا پہنچے گا۔ پیر کے روز ٹیکساس میں سرحد پار کرنے کی کوشش کے دوران گرمی نے 4تارکینِ وطن کی جان لے لی تھی۔
سرحدی فورس کے سربراہ انتھونی گڈ کا کہنا ہے کہ تارکینِ وطن شدید گرمی میں سرحد پار کرنے کی کوشش سے باز رہیں۔ صحرا میں گرمی انتہائی شدید ہوسکتی ہے۔ غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے والے شدید موسمی خیالات سے آگاہ رہیں۔