واشنگٹن:امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے کابل ایئرپورٹ کی حدود کو محفوظ بنالیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق محکمہ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ کابل میں امریکی سفارت خانہ مکمل خالی کرالیا گیا ہے۔
سفارت خانے کا تمام عملہ حامد کرزئی ایئرپورٹ کی حدود میں موجود ہے۔دوسری جانب افغان طالبان کے قبضے کے بعد کابل ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے والوں کا رش لگ گیا ہے، ہزاروں کی تعداد میں اہلکار اور عہدیدار بھی ایئر پورٹ پر موجود ہیں۔
انٹرنیشنل پروازیں بند ہونے سے خواہش مند افغانوں اور غیرملکیوں کو افغانستان سے نکلنے میں دشواری کا سامنا ہے۔امریکی محکمہ خا رجہ کا کہنا تھا کہ کابل ایئر پورٹ کے احاطے کی سیکیورٹی امریکی فوج نے سنبھال رکھی ہے۔
دوسری جانب افغانستان میں پھنسے اپنے شہریوں اور غیر ملکیوں کو نکالنے کیلئے کابل پہنچنے والی ترکش ایئر لائن کی پرواز کو لینڈنگ کیلئے فضا میں ہی 40 منٹ تک انتظار کرنا پڑا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق پرواز ٹی کے 706 مقامی وقت کے مطابق صبح سوا چھ بجے افغانستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئی، حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کابل پر لینڈنگ کی فوری اجازت نہ ملنے پر بوئنگ 777 طیارہ کابل کے مغرب میں 40 منٹ تک فضا میں چکر کاٹتا رہا۔
بعد ازاں ائیرپورٹ حکام کی جانب سے کلیئرنس ملنے پر ترکش ہوائی جہاز نے مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجکر 45 منٹ پر لینڈنگ کی۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کمرشل پروازوں کیلئے آپریشن گزشتہ رات سے ہی بند تھا۔
مزید پڑھیں: پاکستان، چین اور روس کا کابل میں سفارت خانے برقرار رکھنے کا فیصلہ