واشنگٹن: امریکا کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان میں آزادانہ انتخابات تو چاہتے ہیں تاہم کسی ایک امیدوار کی حمایت نہیں کرتے۔ الیکشن کے حوالے سے ہم کوئی پوزیشن نہیں اپناتے۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ترجمان محکمۂ خارجہ میتھیو ملر نے کہا کہ ہم پاکستان میں آزادانہ انتخابات پر زور دیتے ہیں، کسی سیاسی جماعت یا ایک امیدوار کے حامی نہیں ہیں۔ ڈونلڈ بلوم کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کا جواب سفارتخانہ دے گا۔
لیبیا کے دو شہروں میں سمندری طوفان، 150 افراد ہلاک
میڈیا نمائندگان کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ میتھیو ملر نے کہا کہ پہلے بھی کئی بار کہہ چکا ہوں کہ ہم پاکستان میں انتخابات کے نتائج کے حوالے سے کوئی پوزیشن یا مؤقف نہیں رکھتے۔ امریکا پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات پر زور دیتا ہے۔
قبل ازیں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی جس کے متعلق امریکا کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان میں آئین اور قانون کے مطابق آزادانہ و منصفانہ انتخابات کیلئے امریکا کی حمایت کا یقین دلانے کیلئے گفتگو کی۔
امریکی سفیر اور سکندر سلطان راجا کی ملاقات کے متعلق امریکا کے سفارتی بیان کے مطابق ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ملک کے مستقبل کے رہنما چننا پاکستانی عوام کا کام ہوگا۔ ہم پاک امریکا تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے پاکستانی عوام کے منتخب نمائندوں کے ہمراہ کام جاری رکھیں گے۔