بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کی کامیابی پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں، دورے کے صرف 2 روز بعد ہی امریکا نے مزید 116بھارتی شہریوں کو ڈی پورٹ کرکے ان کے وطن روانہ کردیا، جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کریک ڈاؤن کا حصہ قرار دیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا (این ڈی ٹی وی) کی رپورٹ کے مطابق 116بھارتی شہری ایک اور طیارے کے ذریعے امرتسر ائیرپورٹ پر اترے جو 10 روز میں دوسری پرواز تھی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو نکال باہر کیا ہے۔
رواں ماہ بھارت کے 104شہری 5فروری کے روز وطن واپس پہنچے تھے اور توقع کی جارہی ہے کہ تیسرا طیارہ 157 افراد کو لے کر آج بھارت پہنچ جائے گا۔ امریکی فضائیہ کے سی 17 گلوب ماسٹر طیارے نے ہفتے کی رات تقریباً پونے 12 بجے امرتسر ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی۔
کچھ بھارتی شہریوں کے اہلِ خانہ اپنے ڈیپورٹ کیے گئے رشتہ داروں کا استقبال کرنے کیلئے ائیرپورٹ بھی پہنچے تھے، ملک بدر کیے گئے افراد میں سے 65 بھارتی پنجاب، 33 ہریانہ، 8 گجرات جبکہ 2 اترپردیش سے تعلق رکھتے ہیں۔ ماضی قریب میں جلاوطن کیے گئے بھارتی شہری پرواز کے دوران زنجیروں میں جکڑے رہے تھے۔
بھارتی شہریوں کو رہائی صرف بھارت پہنچنے پر ملی، جس کی وجہ سے بھارت میں سیاسی طوفان اٹھ کھڑا ہوا اور بھارتی پارلیمنٹ کے جاری بجٹ سیشن کے دوران ہنگامہ آرائی بھی ہوئی تھی۔ بھارتی وزیر خارجہ کا معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہم امریکا سے بات چیت کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ ہم جلا وطن افراد کے ساتھ بدسلوکی سے اجتناب یقینی بنانے کیلئے امریکا سے مذاکرات میں مشغول ہیں۔ امریکا نے غیر قانونی تارکین وطن کو پہلی بار ملک بدر نہیں کیا ہے، یہ معاملہ تو برسوں سے جاری و ساری ہے۔