واشنگٹن: امریکا نے پاکستان پر ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا اسپانسر ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ میتھیو ملر نے اپنے ایک بیان میں ایران کے پاکستان، عراق اور شام کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے چند روز میں 3 ہمسایہ ممالک کی خومختاری کی خلاف ورزی کی۔
بیان میں ترجمان محکمۂ خارجہ میتھیو ملر نے کہا کہ ایران کی جانب سے پاکستان، شام اور عراق میں ہونے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ امریکا خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ایران خطے میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔
ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو ایران خطے میں دہشت گردی اور عدم استحکام کا سب سے بڑا اسپانسر ہے جبکہ دوسری جانب اس کا یہ دعویٰ ہے کہ اس کو انسدادِ دہشت گردی کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔
گزشتہ روز دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے بلوچستان میں میزائل حملے کو اپنی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے نہ صرف شدید احتجاج کیا بلکہ ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کرتے ہوئے اپنے سفیر کو ایران سے واپس بلا لیا۔ ایرانی سفیر کو بھی ملک چھوڑنے کا کہہ دیا گیا۔