راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جونز نے اہم ملاقات کی ہے،اس دوران امریکی سفیر نے افغان امن اور مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اس کی تعریف کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جونز نے جو کہ ناظم الامور کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الوداعی ملاقات کی۔
دونوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کے لیے امریکی سفارتکار کی خدمات کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی سفیر پال جونز نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کے تعاون سے خطے میں امن واستحکام کو فروغ ملے گا۔
مزید پڑھیں : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا سرکاری دورہ، سعودی عرب میں اہم ملاقاتیں جاری