جامعہ کراچی نے اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کا چار سالہ ڈگری پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ بی ایس پروگرام شعبہ کمپیوٹر سائنس کے تحت شروع کیا جارہا ہے۔
اکیڈمک کونسل 3 دسمبر کو وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت منعقد ہورہی ہے۔ اے آئی پر چار سالہ بی ایس ڈگری پروگرام حال ہی میں بورڈ آف فیکلٹی(فیکلٹی آف سائنس) سے منظور کرایا گیا ہے جبکہ شعبہ کمپیوٹر سائنس کی بورڈ آف اسٹڈیز پہلے ہی اس پروگرام کی منظوری دے چکی ہے اور اکیڈمک کونسل سے منظوری کی صورت میں آئندہ تعلیمی سیشن 2025 کے لیے اے آئی میں داخلے دیے جانے کا امکان ہے تاہم ابھی داخلے کے قواعد اور نشستوں کی تعداد کا تعین ہونا باقی ہے۔
ڈیلی ایکسپریس نے رپورٹ کیا ہے کہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹرخالد عراقی نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ طلبہ کو جدید عصری علوم کی معیاری تعلیم دیں اور بورڈ آف فیکلٹی کی جانب سے تفصیلی غور و خوص اور باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اس پروگرام کو اکیڈمک کونسل میں منظوری کے لیے بھجوایا ہے۔
اے آئی کا نصاب “این سی ای اے سی” (نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل) کی دی گئی گائیڈ لائن کے تناظر میں تیار کیا گیا ہے اور وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی گائیڈنس پر شعبے کی عمارت میں دو نئے انٹرایکٹیوو اسمارٹ کلاس رومز تیاری کے آخری مراحل میں ہیں جس میں تدریس کے ساتھ ٹیکنیکل ورکشاپ بھی ہوسکیں گی۔
یاد رہے کہ شعبہ کمپیوٹر سائنس کے تحت سوفٹ ویئر انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میں بی ایس چار سالہ ڈگری پروگرام پہلے ہی جاری ہیں۔