کراچی: سندھ حکومت نے کورونا کی روک تھام کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا۔ اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں کے علاوہ صوبے بھر کی یونیورسٹیز بھی ایک ہفتے کیلئے بند رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے بھر کی جامعات مزید ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ گزشتہ روز 1 ہفتے کیلئے اسکول بند کرنے کا فیصلہ سامنے آیا تھا۔
آج سندھ حکومت نے اسکولز کے علاوہ جامعات بھی بند رکھنے کا فیصلہ سنا دیا۔ وزیرِ جامعات اسماعیل راہو کے مطابق سندھ کی تمام یونیورسٹیز اور بورڈز 30 اگست سے قبل کام جاری نہیں رکھ سکتے۔
وزیرِ جامعات اسماعیل راہو نے کہا کہ اساتذہ اور طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ رواں ماہ کے اختتام یعنی 30 اگست سے پہلے کورونا کی ویکسینیشن مکمل کروائیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل محکمہ صحت سندھ کی تجویز کے بعد سندھ حکومت نے صوبے میں تعلیمی ادارے 30 اگست تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں اسکولوں کو مزید ایک ہفتے نہیں کھولا جائے گا، اس ایک ہفتے میں اساتذہ، اسٹاف اور والدین ویکسی نیشن کرائیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اسکول ٹیچرز اور بچوں کے والدین کو بھی اپنا ویکسین سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا، اس کے بعد ہی تعلیم کا معطل کیا گیا سلسلہ بحال کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا تعلیمی ادارے 30 اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ