کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیشِ نظر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورۂ بنگلہ دیش ملتوی کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب بنگلہ دیش میں لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے باعث قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورۂ بنگلہ دیش ملتوی ہوگیا ہے۔
ابتدائی طور پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایک 4 روزہ اور 50 اوورز پر مشتمل 5 میچز کھیلنے کیلئے 11 اپریل کو ڈھاکہ روانہ ہونا تھا تاہم بنگلہ دیش میں لاک ڈاؤن لگنے کے باعث روانگی میں 6 روز کی تاخیر کی گئی۔
اس کے باوجود کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی نہ آنے کی وجہ سے بنگلہ دیش کی حکومت نےملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا، لہٰذا دورۂ بنگلہ دیش کوغیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔
قومی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق بنگلہ دیشی بورڈ سے مشاورت کے بعد کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری آنے پر باہمی مشاورت سے دورے کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔
قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے دورۂ بنگلہ دیش کی تیاریوں کی غرض سے لاہور میں جاری کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بھی فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا