وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معمولی گھریلو اختلافات پر سگے بھائی نے فائرنگ کرکے اپنے بھائی، بھابھی اور بھتیجے کی جان لے لی ہے جو موقعے پر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ شمس کالونی کی حدود میں پیش آیا جہاں گھریلو اختلاف پر چچا نے فائرنگ کرکے اپنے بھتیجے، بھابھی اور بھائی کو قتل کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹریفک کے مسائل میں اضافہ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں روز کا معمول بن گئیں
فائرنگ کی آواز سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ اور تمام علاقہ گھیرے میں لے کر ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ واقعہ ایچ 13 کے نواحی گاؤں بوکراں میں پیش آیا۔
ملزم کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 1 شخص زخمی ہوگیا۔ قتل ہونے والے اسد بخش ذوالفقار کی عمر 60 سال تھی۔ خاتون رقیہ بی بی کا بیٹا زوہیب احمد بھی ماں کے ساتھ جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق ہونے والے زوہیب کی عمر سولہ سترہ سال تھی۔ 22سالہ زخمی نوجوان سرفراز کو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ایس پی انڈسٹریل پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور تحقیقات کا آغاز کیا۔
پولیس نے قتل کے اس واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایس پی فدا ستی کا کہنا ہے کہ ملزم وقاص اور مقتولین ایک ہی گھر میں رہتے تھے۔ گھریلو جھگڑے کے باعث فائرنگ کی گئی۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں گھریلو جھگڑا ہوا جس میں معمولی تلخ کلامی پر بیٹے کی فائرنگ کے باعث اس کا پولیس انسپکٹر باپ جاں بحق ہوگیا۔
آج سے 7 روز قبل یہ افسوسناک واقعہ کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں پیش آیا، رات گئے انسپکٹر دیدار عباسی کے بیٹے نے ان پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔
مزید پڑھیں: گھریلو جھگڑا، بیٹے کی فائرنگ سے پولیس انسپکٹر جاں بحق