ریاض: سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اس موسم حج کے دوران میں مکہ مکرمہ میں مقررہ اجازت نامے کے بغیر داخل ہونے والے افراد پر 10 ہزار ریال فی کس جرمانہ عاید کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس جرمانے کا اطلاق 19 جولائی سے ہوگا اور یہ ضابطہ دو اگست تک نافذ العمل رہے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص مکہ مکرمہ میں غیر مجاز داخلے کی پابندی کی دوبارہ خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا تو اس کو دگنا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا اور یہ رقم 20 ہزار ریال ہوگی۔
وزارت داخلہ نے تمام شہریوں اور مکینوں پر زوردیا کہ وہ اس سال حج سیزن کے لیے جاری کردہ ہدایات کی پاسداری کریں اور جا ری احکامات پر عمل کریں۔
سکیورٹی افسر مسجد الحرام اور دوسرے مقدس مقامات کی جانب جانے والی شاہراہوں پر فرائض انجام دیں گے اور مخصوص عرصے کے دوران میں مقدس مقامات میں داخلے کی کسی بھی کوشش کی نگرانی کریں گے۔