یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ایم ڈی عمر لودھی نے اعلان کیا ہے کہ ہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موبائل یوٹیلٹی اسٹورز کھولیں گے تاکہ لاک ڈاؤن کے دوران عوام کو مناسب قیمت پر ضروریاتِ زندگی کی اشیاء دستیاب ہوسکیں۔
اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے کہا کہ ہم اپنا نیٹ ورک نچلی سطح پر منتقل کرنا چاہتے ہیں ۔ اسلام آباد انتظامیہ ہمارے ساتھ ہے۔ ہم کل سے موبائل اسٹورز کا آغاز کرنے والے ہیں۔
ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے مطابق اسٹورز پر چینی اور آٹے کے بحران کا کوئی اثر نہیں پڑا۔ دو دن تک دالوں کے حوالے سے شکایات حل کر لی جائیں گی۔ آٹے کی فروخت میں 5 ہزار ٹن تک بہتری دیکھی گئی ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی نے کہا کہ گزشتہ 30 روز کے دوران کارپوریشن نے 8 ارب کا سامان فروخت کیا جبکہ رواں سال مجموعی فروخت کیے گئے سامان کی مالیت 25 ارب روپے ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران عوام کی مشکلات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ موبائل یوٹیلٹی اسٹورز کھولے جائیں جبکہ اس فیصلے سے کارپوریشن کی سیلز میں بھی اضافہ ہوگا۔
عمر لودھی نے کہا کہ ہم رمضان المبارک کے بعد یعنی عید الفطر تک 19 اشیاء پر سبسڈی جاری رکھیں گے جو حکومت ضرورت مندوں کے لیے دے رہی ہے۔ رمضان کے بعد 200 یوٹیلٹی اسٹورز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔