آئی سی سی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کے خلاف چنئی میں کھیلے گئے میچ کے دوران شاداب خان کی انجری کے حوالے سے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے اپنے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔
جنوبی افریقا نے ورلڈکپ کے سنسنی خیز میچ میں پاکستان کو محض ایک وکٹ سے ہرا دیا تھا، کھیل کی دوسری اننگز میں ایک واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان دوران فیلڈنگ نیچے گر گئے اور ان کے سر میں چوٹ لگ گئی۔
پاکستان کے نائب کپتان کو طبی معائنے کے لیے مختصر طور پر میدان سے باہر لے جایا گیا لیکن بعد میں دوبارہ میدان میں آئے۔
بعدازاں وہ میدان سے دوبارہ چلے گئے اور ان کی جگہ اسپنر اسامہ میر کو ٹیم میں متبادل کے طور پر شامل کرلیا گیا، عمر گل نے ایک مقامی چینل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شاداب خان نے خود کو بچایا اور جان بوجھ کر بہانے بازی کی۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا ‘جب آپ کو لگتا ہے کہ میچ پاکستان کے حق میں جارہا ہے تو آپ ڈگ آؤٹ میں باہر آکر بیٹھ جاتے ہیں اور ہنس رہے ہوتے ہیں اس کا مطلب ہے کہ آپ نے بہانہ بنایا اور میچ سے جان چھڑائی ہے، پھر تو لوگ سوال اٹھائیں گے۔
عمر گل کا کہنا تھا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ شاداب کو کس قسم کی انجری ہوئی ہے لیکن سوالات تو کھڑے ہوتے ہیں، کنکشن کا بہانے بناتے ہیں اور ٹیم سے بھاگ جاتے ہیں۔