برطانوی حکومت نے 2025 کے لیے ہنر مند ورکر ویزا کی کم از کم تنخواہ کی حد میں نمایاں تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔
یہ ویزا غیر ملکی شہریوں کو برطانیہ میں منظور شدہ آجروں کے ساتھ مخصوص ملازمتوں کے لیے کام کرنے یا قیام کرنے کی اجازت دیتا ہے اور یہ پہلے کے ٹائر 2 (جنرل) ویزا کی جگہ لے چکا ہے۔ اب اس میں ان افراد کے لیے بھی گنجائش شامل ہے جو برطانوی پانیوں میں کام کرتے ہیں۔
برطانیہ کے امیگریشن قوانین میں ان تبدیلیوں کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ غیر ملکی ملازمین مقررہ معاشی معیارات پر پورا اتریں۔ اس کے تحت وزارت داخلہ نے درخواست دہندگان کے لیے زیادہ تنخواہ کی حد مقرر کر دی ہے۔
بنیادی اہلیت کے معیار
ہنر مند ورکر ویزا کے لیے درخواست دہندگان کو برطانوی وزارت داخلہ سے منظور شدہ کسی آجر کی جانب سے ملازمت کی پیشکش حاصل کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ ان کے پاس اسپانسر شپ سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے جس میں ملازمت کی تفصیلات درج ہوں۔
درخواست دہندہ کو ایسی ملازمت یا ادارے میں کام کرنا ہوگا جو منظور شدہ شعبوں کی فہرست میں شامل ہو تاکہ برطانیہ میں مطلوبہ مہارتوں کو پورا کیا جا سکے۔اس کے ساتھ ساتھ، درخواست دہندگان کو نئی کم از کم تنخواہ کی حد کو بھی پورا کرنا ہوگا، جو ملازمت کی نوعیت اور ویزا کی مخصوص شرائط پر منحصر ہے۔
کم از کم تنخواہ کی نئی حد
2025 میں ہنر مند ورکر ویزا کے لیے درخواست دینے والوں کے لیے کم از کم تنخواہ 38 ہزار 700 پاؤنڈ سالانہ یا مخصوص ملازمت کے لیے طے شدہ اجرت، جو بھی زیادہ ہو، مقرر کی گئی ہے۔ اس سے برطانیہ میں کام کرنے کے خواہشمند غیر ملکی کارکنوں کے لیے شرائط مزید سخت ہو جائیں گی تاکہ وہ مقامی معیار کے مطابق مناسب معاوضہ حاصل کر سکیں۔
ان شعبوں میں ملازمت کرنے والے افراد کے لیے جن کی طلب زیادہ ہے اور جو امیگریشن تنخواہ کی فہرست میں شامل ہیں، کم از کم تنخواہ کی حد کم رکھی گئی ہے۔ ان کے لیے سالانہ آمدن کی کم از کم حد 30 ہزار 960 پاؤنڈ ہوگی، تاکہ ان مخصوص شعبوں میں تنخواہوں کا ایک لچک دار ڈھانچہ برقرار رکھا جا سکے۔
ویزا درخواست پر لاگت
ہنر مند ورکر ویزا کی درخواست پر مختلف اخراجات آتے ہیں۔ درخواست دہندگان کو 719 پاؤنڈ سے 1 ہزار 639 پاؤنڈ تک درخواست فیس ادا کرنی ہوگی، جو کہ ان کی ذاتی حیثیت پر منحصر ہوگی۔
اس کے علاوہ نیشنل ہیلتھ سروس کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ہر سال 1 ہزار 35 پاؤنڈ ہیلتھ کیئر سرچارج بھی ادا کرنا ہوگا۔مزید یہ کہ درخواست گزار کے پاس برطانیہ پہنچنے کے وقت کم از کم 1 ہزار 270 پاؤنڈ بینک اکاؤنٹ میں موجود ہونے چاہئیں، تاکہ مالی استحکام ثابت کیا جا سکے۔
قیام کی مدت اور توسیع
ہنر مند ورکر ویزا کے تحت کامیاب درخواست دہندگان برطانیہ میں پانچ سال تک قیام کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد وہ ویزا کی مدت میں توسیع کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
اگر کوئی کارکن برطانیہ میں آجر یا ملازمت تبدیل کرتا ہے تو اسے ویزا کی تجدید کرانی ہوگی۔ یہ ویزا کارکنوں کو اپنے کیریئر میں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں قیام کی سہولت بھی دیتا ہے۔