اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب آج دوروزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ برطانوی وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، برطانوی وزیر خارجہ دو روز پاکستان میں قیام کریں گے۔
اس سے قبل برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ ڈومینک راب نے کہا ہے کہ برطانیہ کی حکومت مستقبل میں متوقع طور پر طالبان کو تسلیم نہیں کرے گی۔
دوحہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ برطانیہ کو اب ’اس نئی حقیقت سے ہم آہنگ ہونا ہو گا۔‘ طالبان پر ’معتدل اثرورسوخ ڈالنے کے لیے‘ ایک گروپ بنانے کی ضرورت ہے۔
بہت سے ممالک ایسے ہیں جو افغانستان کی صورتحال سے برا راست متاثر ہوئے ہیں جبکہ بہت سے ملک ایسے بھی ہیں جو انسانی خطرے اور حالت زار سے متاثر ہوں گے۔ ہم یقینی طور پر انھیں دیکھ رہے ہوں گے اور سب سے اہم بات کہ جو یقین دہانی انھوں نے کرائی ہے وہ اس کے بارے میں کیا کرتے ہیں۔
برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈومینک راب کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور قطر کے وزیراعظم سے ملاقات میں چار اہم نکات پر بات کی گئی ہے۔
1: اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ افغانستان کو دوبارہ دہشتگردوں کا گڑھ نہ بننے دیا جائے۔
2: افغانستان کو کسی بھی انسانی بحران سے بچایا جائے گا اور اسی لیے ہم نے اس برس افغانستان کے لیے امداد دوگنی کر دی ہے۔
3: خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جائے گا۔
4: طالبان کے وعدوں کو جانچا جائے گا۔
برطانوی وزیر خارجہ نے اپنے قطری ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس کا بہت احتیاط سے جائزہ لیں گے کہ انسانی حقوق کے شعبے میں اور خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ کیسا برتاؤ کیا جاتا ہے۔
قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا کہنا ہے کہ کابل انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو ایک مرتبہ پھر فعال کرنے کے لیے طالبان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
مزید پڑھیں: خطرات کے پیش نظر چمن بارڈر کو بند کر رہے ہیں، وزیر داخلہ شیخ رشید