کراچی:یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ رواں سال کے دوران فیڈریشن میں جعلی ووٹوں سے منتخب ہوکرآئے ہوئے کورونا زدہ رہنماؤں نے بزنس کمیونٹی کے مفادات کو نظرانداز کرکے فیڈریشن چیمبر پر جو کاری ضرب لگائی ہے اس کی درستگی سمیت فیڈریشن ہاؤس کو دوبارہ اصلاحات کے عمل سے گزاراجائے گا۔
چیئرمین افتخار علی ملک کی قیادت میں یونائٹیڈ بزنس گروپ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو اکیلا نہیں چھوڑے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ شب 30دسمبر کے ایف پی سی سی آئی الیکشن کیلئے نامزد کردہ امیدواروں کی پذیرائی کیلئے دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پریو بی جی کی جانب سے صدارتی امیدوارخالد تواب،سینئرنائب صدر کے امیدوار عبدالرؤف مختار،نائب صدر کے امیدوار عارف یوسف جیوا،مرزااختیاربیگ،نوراحمدخان،عامرعطا باجوہ،ملک منظور،احمدچنائے،غضنفرعلی خان،صدر کاٹی سلیم الزماں،شاہین الیاس سروانہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات برائے2021میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کی جانب سے صدارتی امیدوارشیخ خالدتواب نے کہا ہے کہ وہ فیڈریشن الیکشن میں کامیاب ہو کر اپنی ٹیم کے دیگر عہدیداروں کے ساتھ ملک بھر کی تاجر برادری کے مفادات کاتحفظ کریں گے اور مسائل کے حل میں ان کو ساتھ لیکر چلیں گے۔
جبکہ وہ متعلقہ حکومتی اداروں میں ایوان ہائے صنعت و تجارت کی نمائندگی موثر بنانے اور بڑھانے کے لئے کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یوبی جی کے بینر تلے جمع ہوچکی ہے۔
ہم اس سال مکمل تیاری کے ساتھ فیڈریشن کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور کامیابی کے بعدہم ملکی معیشت کی بہتری کے لئے حکومت کو مثبت تجاویز دیں گے اور بزنس کمیونٹی کے بہتر مفاد میں اقدامات کرینگے۔