پشاور: خیبر پختونخوا کے رکنِ صوبائی اسمبلی عبید اللہ مایار نے کہا ہے کہ سن 2018ء کے سینیٹ الیکشن کیلئے پیسوں کا لین دین اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے کیا۔
تفصیلات کے مطابق رکنِ خیبر پختونخوا اسمبلی عبید اللہ مایار نے سینیٹ الیکشن 2018ء سے قبل اراکینِ اسمبلی کے کروڑوں میں بک جانے سے متعلق ویڈیو پر ردِ عمل دیتے ہوئے نیا پینڈورا باکس کھول دیا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رکنِ اسمبلی عبید اللہ مایار نے کہا کہ پیسوں کا لین دین اسد قیصر اور پرویز خٹک کر رہے تھے۔ سارا معاملہ اسپیکر ہاؤس میں ہوا۔ اسمبلی میں موجود لوگوں کو بھی ایک ایک کروڑ روپے دئیے گئے۔
دوسری جانب سابق رکنِ اسمبلی سید محمد علی شاہ باچا نے عبید اللہ مایار کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات 2018ء سے قبل اراکینِ اسمبلی کی خریدوفروخت سے متعلق ویڈیو جعلی ہے۔
محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ دو مختلف ویڈیوز کو جوڑ کر یہ ویڈیو بنائی گئی۔ ہم نے سینیٹ الیکشن کیلئے کسی کو نہ پیسے دئیے ہیں نہ لیے ہیں۔ ہاں، ہم نے پارٹی قیادت کی ہدایت پر اراکینِ پارلیمان سے رابطے ضرور کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ویڈیو اسکینڈل، صوبائی وزیر قانون سلطان محمد عہدے سے مستعفی