امریکی ریاست فلوریڈا میں دو سالہ بچے نے غلطی سے اپنے والد کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ فرانسیسی خبر ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق بچے کے والدین نے بندوق محفوظ جگہ پر رکھنے کے بجائے لاپروائی سے گھر میں رکھی ہوئی تھی۔
امریکی حکام نے بتایا قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ابتدائی طور پر خیال تھا کہ 26 سالہ نوجوان نے خودکشی کی ہے لیکن اس کے بڑے بیٹے نے تفتیش کاروں کو بعد میں بتایا کہ اس کے دو سالہ بھائی سے غلطی سے بندوق چل گئی تھی۔
عدالتی دستاویزات میں کہا گیا کہ بندوق ایک بیگ میں تھی جسے ریگی میبری نے زمین پر چھوڑ دیا تھا۔ بچہ اس بیگ کے پاس آیا اور اس نے اپنے والد کو اس وقت پیٹھ میں گولی مار دی جب وہ کمپیوٹر پر ویڈیو گیم کھیل رہے تھے۔
بتایا گیا کہ بچوں کا والد اور ماں دونوں بچوں کو نظرانداز کرنے اور منشیات کے استعمال کے متعدد جرائم کے بعد پیرول پر تھے۔ اب ان چھوٹے بچوں نے اپنے والدین کو کھو دیا ہے۔ ان کے والد ہلاک ہوچکے اور والدہ جیل میں ہیں۔ ایک چھوٹے بچے کو اپنی زندگی اس صدمے کے ساتھ گزارنی ہے کہ اس نے اپنے والد کو گولی ماری۔
امریکہ میں ایسے واقعات کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ اگست 2021 میں ایک اور دو سالہ بچے کو بیگ میں ایک بندوق ملی تھی اور اس نے اپنی والدہ کے سر میں اس وقت گولی ماری جب وہ ایک ویڈیو کانفرنس میں شریک تھیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، فائرنگ کے حالیہ واقعات کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے قانون سازوں سے اسلحے کی روک تھام کے لیے سخت قوانین بنانے کی درخواست کی تھی۔