خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں پیر کی رات دہشت گردوں کے حملے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے۔
دہشت گردوں نے چکیسر کے علاقے گنانگر میں واقع پولیس چوکی پر اندھا دھند فائرنگ کی اور دستی بم پھینکے، جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل نثار احمد اور اے ایس آئی حسن خان موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں محمد حسین، ارشد خان اور رفعت شامل ہیں۔
حملے کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ شہداء اور زخمی اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال، بٹگرام منتقل کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جو ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں نچھاور کر رہے ہیں۔