جیوانی: گوادر میں پاک بحریہ کی گاڑی پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار سمیت 2 افراد شہید جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے گوادر کے اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی۔ جیوانی کے علاقے گنز سے گزرتے ہوئے نامعلوم دہشتگردوں نے خودکار ہتھیاروں سے حملہ کردیا جس سے ایک اہلکار شہید اور ایک راہگیر بھی جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔
اسٹنٹ کمشنر کے مطابق شہید ہونے والوں میں سہیل اور نعمان شامل ہیں جبکہ زخمی اہلکار کا نام رضا ہے۔
حملہ کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ شہید اہلکاروں کی میتوں کو ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا ہے دوسری طرف زخمی رضا کو علاج کے غرض سے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر گوادر کے ریٹائرڈ کیپٹن اطہر عباس نے بتایا کہ یہ حملہ جس علاقے میں ہوا تھا اسے گھیرے میں لے لیا گیا تھا لیکن کسی کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریکِ انصاف نے سیاست میں گالی اور عدم برداشت متعارف کرائی۔آصف زرداری