گوادر: بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں چینی باشندوں کے قافلے پر خودکش دھماکہ کیا گیا، جس کے باعث ایک چینی شہری زخمی ہوگیا۔
اس حوالے سے وزارت داخلہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آج شام چینی باشندوں کے قافلے کو پاک فوج اور پولیس کی نگرانی میں لے جایا جارہا تھا، اسی دوران تین گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو ایسٹ بے ایکسپریس وے پر واقع فشرمین کالونی میں کوسٹل روڈ پر نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق چینی شہریوں کی گاڑیاں فشر مین کالونی پہنچتے ہی ایک نوجوان بھاگتا ہوا کالونی سے باہر نکلا، تاہم خوش قسمتی سے اس علاقے میں تعینات پاک فوج کے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے لڑکے کو روکا لیکن نوجوان نے قافلے سے 15، 20 میٹر دور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
وزارت داخلہ کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ واقعے میں ایک چینی باشندہ زخمی ہوا جس کی حالت اب بہتر ہے، زخمی چینی باشندے کو قریبی گوادر اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: وطن عزیز کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوششوں پر خاموش نہیں رہ سکتے، آرمی چیف