شہرِ قائد میں معروف ٹی وی اداکار اور طویل عرصے تک اشتہاری شعبے سے وابستہ سینئر فنکار شبیر رعنا طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شبیر رعنا طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ انہیں دل کی بیماری کے باعث چند سال قبل بائی پاس کرانا پڑا۔ اس سے قبل شبیر رعنا نے بطور ڈائریکٹر بے شمار ٹی وی کمرشلز کیلئے ہدایات دیں۔
معروف سینئر اداکار طارق جمیل پراچہ انتقال کر گئے
اداکار شبیر رعنا نے ڈرامہ انڈسٹری کیلئے بطور اداکار متعدد ٹی وی سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ بھارتی اداکار دلیپ کمار سے متاثر ہونے کے باعث شبیر رعنا کی اداکاری میں دلیپ کمار کی جھلک نظر آتی تھی۔
شبیر رعنا نے بعض نجی چینلز کے کئی ٹی وی شوز اور ڈراموں میں بطور کیریکٹر ایکٹر کردار نگاری میں بھی نام پیدا کیا۔ ان کی نمازِ جنازہ رحمانیہ مسجد طارق روڈ میں عصر کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ملک کے مشہورومعروف سینئر فنکار طارق جمیل پراچہ انتقال کر گئے جس سے اداکاری کی دنیا میں بڑا خلا پیدا ہوگیا۔
طارق جمیل پراچہ کا انتقال گزشتہ ماہ ہوا۔پی ٹی وی کے سیٹ ڈیزائنر کے طور پر اپنے کام کا آغاز کرنے والے طارق جمیل پراچہ نے اپنے پورے کیرئیر کے دوران بہترین اداکاری کے ساتھ ساتھ کامیاب پروڈکشن بھی کی۔