اسلام آباد: ترک صدر رجب طیب اردوان کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ترک صدر کے پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچنے پر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔
خاتون اول آصفہ بھٹو، نائب وزیراعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی ترک صدر کا استقبال کرنے پہنچے تھے۔
وزیراعظم ہاؤس کے مرکزی دروازے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔ترک صدر رجب طیب اردوان کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔
اپنے مذہب پر فخر، فتنہ خوارج کو اپنی فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دینگے، آرمی چیف
واضح رہے کہ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور مہمان صدرپاک ترک اعلیٰ سطح کے اسٹریٹجک تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ اور متعدد اہم معاہدوں اور مفاہمت ناموں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔صدر رجب طیب اردوان وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ وہ پاکستان ترک بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کریں گے جس میں دونوں اطراف کے سرکردہ سرمایہ کاروں، کمپنیوں اور کاروباری افراد کو بھی مدعو کیا جائیگا۔