اسلام آباد:آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ چند ماہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ثالثی کی پیشکش کی تھی لیکن اُن کی آواز اب مدھم پڑھ چکی ہے۔ لگتا ہے کہ ہندوستانی لابی نے انہیں اپنے نرغے میں لے لیا ہے۔
جبکہ سابق امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کے آئندہ متوقع صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کھل کر موجودہ ہندوستانی حکومت سے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کرے اور کشمیریوں کوبنیادی انسانی حقوق دینے کو یقینی بنائے۔
ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر نے نیشنل کونسلرز کنونشن برطانیہ کے شرکاء سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن کا انعقاد تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کیا۔ اس کنونشن میں برطانیہ بھر سے چالیس سے زائد کونسلرز نے شرکت کی۔
نیشنل کونسلرز کنونشن سے راجہ فہیم کیانی،الطاف احمد بٹ سینئر کشمیری حریت رہنما، کونسلر حنیف راجہ، کونسلر لیاقت علی، کونسلر محبوب بھٹی، کونسلر عاصم رشید، کونسلر اسلم خان، کونسلر شاہدہ مہربان، کونسلر سلمیٰ ممتاز، کونسلر محمد ادریس،کونسلر سحرش لون، کونسلر محمد شہزاد، کونسلر آصف خان، کونسلر الطاف خان، کونسلر جمیلہ آزاد، کونسلر محمد شریف، کونسلر کاشف چوہدری، کونسلر مسعود اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔