کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شرم زمان نے کہا کہ سندھ حکومت کے وزراء کی جانب سے جسٹس آفتاب گورڑ کو دھمکیوں کی مذمت کرتے ہیں۔
کتے پکڑنے کی بجائے ایک معزز جج کو راکٹ لانچر سے اڑانے اور تنخواہ بند کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ ملک بھر کے بار کاؤنسل تشویشناک صورتحال پر اپنا کردار ادا کریں۔
پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیرزمان نے مزید کہا کہ سندھ میں آوارہ کتوں نے دہشت اور خوف پھیلایا ہوا ہے، آوارہ کتوں کے کاٹنے اور بروقت ویکسین نہ ملنے پر ناقابل علاج مرض ریبیز میں مبتلا ہورہے ہیں۔
رواں برس 3 ماہ میں 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ سال 2020 میں سگ گزیدگی کے دو لاکھ پانچ ہزار تین سو انیس سے زائد کیس رپورٹ ہوئے جبکہ ریبیز سے 16 اموات ہوئیں۔
سال 2019 میں سگ گزیدگی کے دو لاکھ پینتیس ہزار کے قریب واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ ریبیز کے باعث 25 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔یومیہ سینکڑوں افراد آوارہ کتوں کا شکار ہورہے ہیں اور سندھ حکومت خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ ان حالات میں عدلیہ انسانی حقوق کی پامالی اور سندھ حکومت کی نااہلی پر حکم جاری کرتی ہے تو اپنی روش درست کرنے کے بجائے حکومتی تیروں کا رخ عدلیہ کیا جانب ہوگیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ میں انسانی حقوق کی پامالی عام ہوگئی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے وزرا کی دھمکیوں پر چیف جسٹس پاکستان سوموٹو نوٹس لیں۔
پاکستان تحریک انصاف عدلیہ سمیت اداروں کو سندھ حکومت کی مرضی سے چلنے نہیں دے گی۔ اداروں کی شفافیت،استحکام اور خودمختاری پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہے،تحریک انصاف عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔