معروف اداکار خوشحال خان کی فلم پوپے کی ویڈنگ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے جس کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جس کا خاندان اس کی جلد سے جلد شادی کرانے پر تل جاتا ہے۔
اداکار خوشحال خان کو آخری بار محبت گمشدہ میری میں اداکاری کرتے دیکھا گیا تھا جبکہ پوپے کی ویڈنگ خوشحال خان کی بڑی اسکرین پر پہلی انٹری ہوگی جبکہ فلم کی کاسٹ میں نازش جہانگیر، ریحان شیخ اور علیزے رسول سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔
پوپے کی ویڈنگ کا ٹریلر یوٹیوب پر ریلیز کردیا گیا ہے جسے پہلے 19 گھنٹوں کے دوران 84 ہزار کے لگ بھگ سوشل میڈیا صارفین نے دیکھا جن میں سے 2 ہزار کے قریب افراد نے ٹریلر کو پسندیدگی کی سند بھی عطا کردی ہے۔
ٹریلر سے پتہ چلتا ہے کہ پوپے کی ویڈنگ ایک رنگا رنگ فلم ہے جس میں اداکار خوشحال خان نے مرکزی کردار پوپے کا رول نبھایا ہے جو ملک سے باہر ایک رشتہ قائم رکھتے ہوئے پاکستان میں اپنی شریکِ حیات کا کھوج لگانے کی کوشش کرتا ہے۔
برصغیر کی زیادہ تر فلموں میں ہیرو کو شادی سے بے زار کردار دکھایا جاتا ہے اور پوپے کی ویڈنگ میں بھی ایسا ہی ہوا ہے۔ پوپے کو بتایا جاتا ہے کہ آئندہ 4 ہفتوں میں تمہاری شادی ہورہی ہے تو وہ سمجھتا ہے کہ 4 سال کہا جارہا ہے۔
وہ چاہتا ہے کہ اسے دلہن کا منہ ہی دیکھنے دیا جائے تاہم اہلِ خانہ اصرار کرتے ہیں کہ پوپے دلہن کا منہ دیکھے بغیر ہی آئندہ 4 ہفتوں میں اس سے شادی پر رضامند ہوجائے۔ فلم آئندہ ماہ 10 مئی کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔