ایمازون پرائم ویڈیو پر بالی ووڈ فنکارہ آننیا پانڈے کی سیریز کال می بے کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔ گزشتہ 2 گھنٹوں میں ٹریلر کو ہزاروں سوشل میڈیا صارفین نے دیکھ لیا۔
ماضی میں پتی، پتنی اور وہ، اسٹوڈنٹ آف دی ائیر 2 اور لیگر جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی آننیا پانڈے کی ایمازون پرائم انڈیا پر نشر کی جانے والی سیریز کے ٹریلر کو سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے پسندیدگی کی سند عطا کردی۔
ٹریلر کا آغاز مرکزی فنکارہ آننیا پانڈے کے مختلف مناظر سے ہوتا ہے جس کے بعد مرکزی کردار کہتا ہے کہ آپ مجھے بے کے نام سے پکار سکتے ہیں۔ ٹریلر میں ابتدائی طور پر سامنے آنے والے کرداروں میں بیلا، ریٹا اور مایا شامل ہیں جو مرکزی کردار کے معاونین کہے جاسکتے ہیں۔
رنگوں سے بھرپور ٹریلر میں لگژری گاڑیاں، پرتعیش شادی، وجیہہ دولہا اور گھوڑوں کی ریس سمیت متعدد مناظر دکھائے گئے ہیں جن سے مرکزی کردار کی دولت اور شہرت کا پتہ چلتا اور اسٹیٹس کا اندازہ ہوتا ہے تاہم اگلے ہی منظر میں بتایا جاتا ہے کہ ہیروئن اب مالدار نہیں رہی۔
نئے مناظر میں دکھایا جاتا ہے کہ آننیا پانڈے کے تمام کارڈز ریجیکٹ ہوجاتے ہیں۔ ٹریلر میں بتایا گیا ہے کہ ہیروئن اپنے سابقہ اسٹیٹس کا کوئی بھی فائدہ اٹھائے بغیر بھارت کے ساحلی شہر ممبئی میں رہنے اور ملازمت تلاش کرنے کا چیلنج قبول کرتی ہے جس کے بعد مسائل کا نیا دور شروع ہوتا ہے۔