ملک بھر کے تاجر اور صنعتکار وزیرِ اعظم کے ”چھوٹا کاروبار امدادی پیکیج“ کا خیر مقدم کر رہے ہیں، نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) نے بھی امدادی پیکیج کو حوصلہ افزاء اقدام قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق نکاٹی کے سرپرست اعلیٰ کیپٹن اے معیز خان اور صدر نسیم اختر نے وزیراعظم عمران خان کے ”چھوٹا کاروبارصنعتی امدادی پیکیج“ کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔
نکاٹی کے رہنماؤں نے اسکیم کو کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث پیدا ہونے والے سنگین نوعیت کے معاشی بحران میں تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں نکاٹی کے رہنماؤں نے اس سکیم کو مؤثر بنانے کے لیے حکومت کو تجویز دی کہ پیکیج پر شفاف طریقے سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے جس کیلئے ٹریڈ باڈیز کی خدمات حاصل کی جائیں۔
کیپٹن معیز خان اور نسیم اختر نے کہاکہ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر کے مطابق لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد چھوٹے کاروباروں کا کا3 ماہ کا بل حکومت ادا کرے گی۔
رہنماؤں نے کہا کہ اس پیکیج سے 35 لاکھ افراد کو فائدہ ہوگا جن میں چھوٹی صنعتیں شامل ہیں۔ اس پالیسی سے 5 کلو واٹ کمرشل کنکشن والے کاروبار اور 70 کلو واٹ والے صنعتی کنکشن مستفید ہوں گے جس سے 95 فیصد کاروباروں اور 80 فیصد صنعتوں کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہاکہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک میں جاری لاک ڈاؤن اور اس کے نتیجے میں کاروبار وصنعتوں کی بندش کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی کی امدادی پیکیج کی منظوری وقت کی ضرورت تھی۔
”چھوٹا کاروبارصنعتی امداری پیکیج“ کی منظوری کی تعریف کرتے ہوئے نکاٹی رہنماؤں نے کہا کہ اس سے چھوٹے کاروبار اور صنعتوں کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے میں مدد ملے گی۔
پیکیج پر فوری عمل درآمدتیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نکاٹی رہنماؤں نے کہاکہ جتنا جلدی ہوسکے اس اسکیم پر ورکنگ کو تیز کیا جائے ورمتعلقہ ٹریڈباڈیزکے کردار کو بھی شامل کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس کے فوائد پہنچائے جاسکیں۔